ماسکو (صداۓ روس)
روس نے لبنان میں جاری فوجی جھڑپوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ یہ بات روسی نائب وزیر خارجہ Georgy Borisenko نے ماسکو میں لبنان کے سفیر Bashir Chauki Saleh Azzam سے ملاقات کے دوران کہی۔ Russian Foreign Ministry کے مطابق ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال، بالخصوص لبنان کی سکیورٹی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ روس نے اس “دوست ملک” میں جاری کشیدگی پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے زور دیا کہ حالات کو جلد از جلد قابو میں لایا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی جنگ بندی کا اطلاق لبنان تک بھی ہونا چاہیے تاکہ خطے میں امن کی راہ ہموار ہو سکے۔ روس نے لبنان کی خودمختاری، وحدت اور علاقائی سالمیت کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی، جبکہ یہ ملاقات لبنانی سفیر کی درخواست پر منعقد ہوئی۔
واضح رہے کہ 2 مارچ سے Israel لبنان میں Hezbollah کے خلاف فوجی کارروائیاں کر رہا ہے، جس کے دوران فضائی حملوں اور زمینی پیش قدمی کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد اپنی سرحدی سکیورٹی کو یقینی بنانا ہے۔