ماسکو (صداۓ روس)
روس کے وزیر خارجہ سرگئی لافروف نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں افراتفری پھیلانے والوں کا واضح مقصد اسلامی دنیا کو تقسیم کرنا ہے۔ اجتماعی سلامتی معاہدہ تنظیم (CSTO) کی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے لافروف نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف بلا اشتعال جارحیت، لبنان میں جنگ، شام کے خلاف کارروائیاں اور فلسطینی عوام کی مسلسل بدترین صورتحال خطے میں بحران پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ بحران CSTO کے علاقے کو بھی متاثر کرے گا۔ لافروف نے کہا کہ فلسطینی ریاست کے قیام کے امکانات تیزی سے ختم ہو رہے ہیں جبکہ اسرائیل واضح طور پر کہہ چکا ہے کہ اب صرف اسرائیل ہی رہے گا اور اس کے حدود مزید وسعت دی جائیں گی۔ وزیر خارجہ نے یورپ میں نازی نظریات کی بحالی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جرمنی سمیت وہ ممالک جہاں ہٹلر کے اتحادی تھے، اب نازی سوچ اور طریقوں کو دوبارہ زندہ کر رہے ہیں۔