اسٹالن گراڈ کی تاریخی یادگار پر پاکستانی سفیر کی حاضری، عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت

Pakistani Ambassador's presence at the historical monument of Stalingrad, tribute to the great sacrifices Pakistani Ambassador's presence at the historical monument of Stalingrad, tribute to the great sacrifices
Pakistani Ambassador's presence at the historical monument of Stalingrad, tribute to the great sacrifices

ماسکو (صدائے روس)

روس کے تاریخی شہر اسٹالن گراڈ (موجودہ وولگوگراد) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے دوسری جنگِ عظیم کے عظیم معرکے میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاکھوں افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے یادگارِ جنگ پر قائم ابدی شعلہ اور سوویت فوج کے نامور کمانڈر مارشل واسیلی چوئیکوف اور مشہور نشانہ باز واسیلی زائیتسیف کی قبروں پر حاضری دی۔
سفیر پاکستان نے اس موقع پر کہا کہ اسٹالن گراڈ کی جنگ انسانی تاریخ کے خونریز ترین معرکوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں تقریباً آٹھ ماہ کے دوران تیس لاکھ فوجیوں اور شہریوں نے اپنی جانیں قربان کیں۔ یہ جنگ نہ صرف عسکری تاریخ بلکہ انسانی استقامت اور قربانی کی ایک عظیم مثال کے طور پر بھی جانی جاتی ہے۔

انہوں نے خاص طور پر سوویت نشانہ باز واسیلی زائیتسیف کو خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے 256 نازی افسران کو نشانہ بنایا اور اپنی مہارت کے باعث “اسٹالن گراڈ کا سایہ” کے نام سے مشہور ہوئے۔ ان کی زندگی پر مشہور ہالی ووڈ فلم Enemies at the Gate بھی بنائی گئی۔ سفیر نے بتایا کہ زائیتسیف دشمن سے بچنے کے لیے اپنی رائفل پر دوربین استعمال نہیں کرتے تھے تاکہ ان کی پوزیشن ظاہر نہ ہو۔ وہ صرف برلن پر آخری حملے کے دوران زخمی ہوئے۔


یہ یادگار مقام، جسے آج “ماما ئیف کورگان” کے نام سے جانا جاتا ہے، دوسری جنگِ عظیم کے دوران سب سے زیادہ خونریز محاذوں میں شامل تھا اور اسے کئی مرتبہ قبضے میں لیا اور واپس حاصل کیا گیا۔ یہاں تقریباً تیس ہزار سوویت فوجیوں کی اجتماعی قبریں موجود ہیں۔ اسی مقام کے وسط میں مارشل چوئیکوف جبکہ بلند ترین مقام پر واسیلی زائیتسیف دفن ہیں۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ایسے تاریخی مقامات نہ صرف ماضی کی قربانیوں کی یاد دلاتے ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کو امن، استحکام اور بین الاقوامی تعاون کی اہمیت کا درس بھی دیتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستی اور تاریخی روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔