ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
جنوبی کوریا میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کی دنیا کا ایک منفرد واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک انسان نما روبوٹ نے بدھ مت مذہبی تقریب میں شرکت کی۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں “گابی” نامی روبوٹ کو بدھ راہبوں کا روایتی لباس پہنے مذہبی رسومات ادا کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق 6 مئی کو بدھ مت کے بانی Gautama Buddha کی پیدائش کے دن Jogyesa Temple میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں روبوٹ نے بدھ مت کی تعلیمات پر عمل کرنے کا عہد کیا۔
تقریب کے دوران روبوٹ نے ہاتھ جوڑ کر راہبوں کے سامنے جھکنے کی رسم ادا کی، جبکہ ایک راہب نے اس کے گلے میں مذہبی مالا بھی پہنائی۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین ٹیکنالوجی اور مذہب کے اس منفرد امتزاج پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ واقعہ مصنوعی ذہانت اور مذہبی و سماجی روایات کے درمیان بڑھتے تعلق کی ایک نئی مثال کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔