ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے ایم وی ہونڈیئس کروز شپ سے نکالے گئے مسافروں کیلئے 42 روزہ قرنطینہ کی سفارش کردی ہے، جہاں اینڈیز ہنٹا وائرس کے پھیلاؤ کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ نے کینری جزائر میں لنگر انداز ہونے والے کروز شپ کے مسافروں کے انخلا کے پہلے روز بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ 10 مئی سے 42 دن تک فعال نگرانی کے ساتھ قرنطینہ اختیار کرنا ضروری ہے۔ ٹیڈروس اذانوم گیبریئس نے واضح کیا کہ ڈبلیو ایچ او اپنی سفارشات جاری کرتا ہے لیکن رکن ممالک پر انہیں مسلط نہیں کرتا۔
ایم وی ہونڈیئس نامی کروز لائنر میں تقریباً 150 مسافر سوار تھے جن میں زیادہ تر امریکی، برطانوی، ہسپانوی اور ڈچ شہری شامل تھے۔ جہاز تین ہفتے قبل ارجنٹینا کے شہر اوشوائیا سے روانہ ہوا تھا اور کینری جزائر کی جانب جا رہا تھا، جبکہ اس دوران بحرِ اوقیانوس کے مختلف جزیروں کے قریب متعدد مقامات پر رکا بھی۔
ماہرین کے مطابق ہنٹا وائرس ایسے وائرسز کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے جو خطرناک اور بعض اوقات جان لیوا بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں، جن میں ہنٹا وائرس پلمونری سنڈروم اور گردوں سے متعلق ہیمرجک بخار شامل ہیں۔ یہ وائرس عموماً چوہوں اور دیگر کترنے والے جانوروں کے پیشاب، فضلے یا لعاب سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔