یوکرینی ڈرون حملے میں ماسکو کے قریب 3 شہری ہلاک

Ukrainian’s deadliest attacks on Russia Ukrainian’s deadliest attacks on Russia

ماسکو (صداۓ روس)

یوکرین کے ڈرون حملے میں ماسکو ریجن میں تین عام شہری ہلاک ہو گئے۔ ماسکو ریجن کے گورنر اندرے ووروبیوف نے بتایا کہ اتوار کی صبح سویرے علاقے میں یوکرینی ڈرونز کا بڑا حملہ کیا گیا جسے فضائی دفاعی نظام نے روکنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ مٹی شچی کے قریب گاؤں پوگوریلکی میں ایک مکان کی تعمیراتی جگہ پر گرنے والے ڈرون کے ملبے سے دو افراد ہلاک ہوئے۔ جبکہ دارالحکومت کے شمال مغرب میں واقع شہر خیمکی میں ایک رہائشی عمارت پر ڈرون حملے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی۔ ایک شخص ملبے تلے دبنے کا خدشہ ہے۔ گورنر نے مزید بتایا کہ اسٹرا شہر میں ایک رہائشی عمارت اور چھ نجی گھروں پر حملے میں چار افراد زخمی ہوئے۔ علاقے کے دیگر حصوں میں بھی رہائشی علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبینن نے بتایا کہ دارالحکومت میں 12 افراد زخمی ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 120 یوکرینی ڈرونز کو روکا گیا۔ یہ حملہ اس وقت ہوا ہے جب مارچ کے وسط سے یوکرین روس کے اندر ڈرون حملوں کی شدت میں اضافہ کر رہا ہے۔