کراچی (صدائے روس)
ایبی لمپکس پاکستان اوراوربٹ میڈیا کمپنی کے زیرِ اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل پی سی میں نو تعینات ڈائریکٹرNikita Kosiakov رشین فرینڈ شپ ہاؤس کراچی کے اعزاز میں ایک پُروقار استقبالیہ عشائیے کا انعقاد کیا گیا، جو پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات، کھیلوں کے فروغ، ثقافتی ہم آہنگی اور عوامی روابط کے حوالے سے ایک یادگار تقریب ثابت ہوئی۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، سماجی و ثقافتی حلقوں کے نمائندگان، کھلاڑیوں اور میڈیا سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کے فروغ، کھیلوں کے میدان میں روابط بڑھانے اور ثقافتی تبادلوں کو مزید وسعت دینے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بنانے کے لیے کھیل، ثقافت اور نوجوانوں کے تبادلہ پروگرامز نہایت اہم کردارادا کر سکتے ہیں۔
تقریب کے دوران رشین فرینڈ شپ ہاؤس کراچی کے کردار کو بھی سراہا گیا، جو پاکستان اور روس کے درمیان ثقافتی، تعلیمی اورعوامی روابط کو فروغ دینے والا ایک اہم ادارہ تصور کیا جاتا ہے۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ یہ ادارہ مختلف ثقافتی تقریبات، تعلیمی پروگرامز، روسی زبان سیکھنے کے کورسز، آرٹ نمائشوں، سیمینارز اور عوامی تبادلہ پروگرامز کے ذریعے پاکستان اور روس کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب کے دوران خصوصی طور پر پاکستانی وہیل چیئر اسپورٹس ٹیم کی شاندار کارکردگی کو سراہا گیا، جس نے روس میں منعقدہ مقابلوں میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔ شرکاء نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی کامیابی نہ صرف ملک کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ اس سے پاکستان اور روس کے درمیان کھیلوں کے تعلقات میں بھی مزید بہتری آئی ہے۔ اس موقع پر یہ بھی بتایا گیا کہ ٹیم مستقبل قریب میں دوبارہ روس جانے کی تیاری کر رہی ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اسپورٹس تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
تقریب میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا کہ روس میں مقبول کھیل پاکستان میں متعارف کروائے جائیں گے جبکہ پاکستان کے روایتی اور پسندیدہ کھیل روس میں پیش کیے جائیں گے، تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی کھیلوں کی روایات، ثقافت اور طرزِ زندگی سے بہتر طور پر آگاہ ہو سکیں۔ اس سلسلے میں مشترکہ کھیلوں کی سرگرمیوں، تربیتی پروگرامز، کوچنگ سیشنز اور نوجوانوں کے تبادلہ پروگرامز کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
رشین فرینڈ شپ ہاؤس کراچی کے ڈائریکٹر Nikita Kosiakov نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیل مختلف قوموں اور ثقافتوں کے درمیان فاصلے کم کرنے کا ایک مؤثر اور خوبصورت ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپورٹس سرگرمیاں نوجوان نسل کو قریب لانے، باہمی اعتماد پیدا کرنے اور دوستی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور روس کے درمیان کھیلوں، ثقافت اور عوامی روابط کا فروغ دونوں ممالک کے تعلقات کے لیے نہایت اہم ہے اور اس نوعیت کی تقریبات مستقبل میں مزید تعاون کی راہ ہموار کریں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ رشین فرینڈ شپ ہاؤس کراچی مستقبل میں پاکستان اور روس کے درمیان نوجوانوں، طلبہ، کھلاڑیوں اور ثقافتی وفود کے تبادلے کو فروغ دینے کے لیے مختلف پروگرامز متعارف کروانے کا ارادہ رکھتا ہے، تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کی ثقافت، روایات اور سماجی اقدار کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید سخاوت علی نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور روس کے درمیان اسپورٹس پروگرامز مستقبل میں مزید فروغ پائیں گے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔ فریحہ عاقب نے نوجوانوں کے ثقافتی وفود کے تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مؤثر کردار ادا کرتے ہیں۔
سید مشرف علی شاہ نے موجودہ عالمی تناظر میں پاکستان اور روس جیسے دو اہم ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لانے کی کوششوں کو خوش آئند قرار دیا۔ محمد اسلم خان نے روسی معاشرے اور اس کی اقدار کو قابلِ قدر اور مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان احترام، تعاون اور دوستی کے فروغ سے خطے میں مثبت تبدیلیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔
اس پروقار تقریب میں سید سخاوت علی، محمد اسلم خان، محمد خالد رحمانی، سید مشرف علی شاہ، میر شاہ محمد، فریحہ عاقب، ماہ پارہ کریم مغل، سید محفوظ الحق، عاصم حسن، سلمان کریم مغل اور محمد سمییر سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور روس کے درمیان کھیلوں، ثقافت، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کے لیے ایسی مشترکہ تقریبات مستقبل میں بھی منعقد کی جاتی رہیں گی۔ گی۔ شرکاء کے مطابق یہ یادگار شام دونوں ممالک کے درمیان دوستی، ثقافتی ہم آہنگی اور کھیلوں کے ذریعے تعلقات کو مضبوط بنانے کی ایک خوبصورت مثال بن کر سامنے آئی۔
یاد رہے کہ رشین فرینڈ شپ ہاؤس کراچی پاکستان اور روس کے درمیان دوستی، باہمی تعاون اور ثقافتی ہم آہنگی کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ ادارہ نوجوانوں، طلبہ، کھلاڑیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے ایسے مواقع فراہم کر رہا ہے جن کے ذریعے دونوں ممالک کی ثقافت، روایات اور سماجی اقدار کو بہتر انداز میں سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ حالیہ برسوں میں رشین فرینڈ شپ ہاؤس کراچی نے پاکستان اور روس کے درمیان اسپورٹس ڈپلومیسی، ثقافتی میل جول اور نوجوانوں کے تبادلہ پروگرامز کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری اور عوامی سطح پر قربت پیدا ہوئی ہے۔