ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ ایران اور امریکہ ایک معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ چینی وزارت خارجہ کے مطابق عاصم منیر نے ایرانی اور امریکی تنازع کے تصفیے میں پاکستان کی ثالثی کی تازہ ترین پیش رفت سے چینی فریق کو آگاہ کیا۔ ان کے بقول دونوں فریق معاہدے کے قریب ہیں۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یقین دلایا کہ اسلام آباد تہران اور واشنگٹن کے درمیان معاہدے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے اور امید ظاہر کی کہ چین اس سلسلے میں مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کو “قابلِ اعتماد ثالث” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ان کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ “اگرچہ امن حاصل کرنا مشکل ہے، مگر بالآخر یہ ضرور آئے گا۔”