حج 2026 کے مناسک کا آغاز، عازمین منیٰ سے عرفات کی طرف روانہ

Hajj Hajj

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

حج 2026 کے مقدس مناسک کا آغاز ہو چکا ہے۔ لاکھوں عازمین حج آج فریضہ حج ادا کرنے کے لیے مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچ گئے۔ حجاج کرام نے منیٰ میں نماز ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کیں۔ رات بھر فضا لبیک اللہم لبیک کی صداؤں سے گونجتی رہی۔ عازمین نے زیادہ تر وقت عبادات اور تلاوت قرآن میں گزارا۔
شدید گرمی سے حجاج کرام کو محفوظ رکھنے کے لیے سکیورٹی اہلکار ان پر پانی کا چھڑکاؤ کرتے رہے۔ پیر کے روز 8 ذوالحجہ کو پاکستانی عازمین حج نے منیٰ میں یوم ترویہ عبادات میں گزارا۔ شدید گرمی کی وجہ سے عازمین نے دن کا بیشتر وقت خیموں میں گزارا، جبکہ شام کو موسم خوشگوار ہوتے ہی منیٰ کی گلیوں میں چہل پہل بڑھ گئی۔
دنیا بھر سے تقریباً 20 لاکھ مسلمان فی الوقت منیٰ میں موجود ہیں۔ پاکستانی عازمین نے منیٰ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں اور منیٰ سے میدان عرفات کی جانب قافلوں کی روانگی سر شام شروع ہو گئی۔
آج 9 ذوالحجہ کو عازمین حج رکن اعظم وقوف عرفات ادا کریں گے۔ تمام عازمین ظہر کی نماز سے قبل میدان عرفات پہنچ جائیں گے۔
بعض حجاج نے منیٰ میں رہائش نہ ملنے کی شکایت کی تھی، تاہم وزارت مذہبی امور کے حکام نے انہیں متبادل جگہوں پر سیٹل کر دیا۔ سعودی وزارت صحت نے حجاج کرام سے اپیل کی ہے کہ وہ طبی حالت کی شناخت والا میڈیکل آئی ڈی بریسلیٹ ضرور پہنیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں طبی ٹیموں کو فوری معلومات حاصل ہو سکیں۔