ماسکو (صدائے روس)
روس کے دارالحکومت ماسکو میں 23 اور 24 جون 2026 کو 12واں بین الاقوامی سائنسی و ماہرین فورم ’’پریماکوف ریڈنگز‘‘ منعقد ہوگا۔ یہ فورم ریڈیسن بلو لیننسکی پراسپیکٹ ہوٹل میں منعقد کیا جائے گا اور اس سال روسی اکیڈمی آف سائنسز کے ادارے آئی ایم ای ایم او (IMEMO) کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
فورم کا موضوع ’’قواعد کے بغیر دنیا: طاقت کا کھیل؟‘‘ رکھا گیا ہے، جس کے تحت عالمی سیاست، معیشت اور بین الاقوامی سلامتی کو درپیش اہم چیلنجز پر غور کیا جائے گا۔
فورم میں روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف، وزیر خارجہ سرگئی لاوروف، فیڈریشن کونسل کے نائب چیئرمین کونستانتین کوساچیوف سمیت روس اور مختلف ممالک کے ممتاز ماہرین، سفارتکار، سیاستدان اور تحقیقی اداروں کے نمائندے شرکت کریں گے۔
پروگرام کے مطابق علاقائی تنازعات کے عالمی اثرات، امریکہ کی خارجہ پالیسی کے داخلی عوامل، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، نئے عالمی نظام کی تشکیل، عالمی تجارت و سرمایہ کاری کو درپیش خطرات، یوریشیائی سلامتی، مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات اور جدید فوجی ٹیکنالوجی کی دوڑ جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔
ماہرین مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے امکانات، علاقائی سلامتی کے نئے ڈھانچوں اور غیر مغربی ممالک کے کردار پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ اسلحہ کنٹرول کے نظام، نیو اسٹارٹ معاہدے کے خاتمے کے نتائج اور جدید عسکری ٹیکنالوجی کے عالمی تزویراتی استحکام پر اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔
آئی ایم ای ایم او کے صدر الیگزینڈر ڈنکن کے مطابق دنیا اس وقت عالمی سیاسی اور معاشی تبدیلیوں کے ایک نئے مرحلے سے گزر رہی ہے، جہاں بین الاقوامی نظام زیادہ تقسیم کا شکار ہو رہا ہے اور طاقت کا عنصر عالمی تعلقات میں مزید نمایاں ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برکس، شنگھائی تعاون تنظیم (SCO)، یوریشین اکنامک یونین (EAEU)، آسیان اور روس کے چین و بھارت کے ساتھ تعلقات مستقبل کے عالمی استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
منتظمین کے مطابق فورم میں چین، بھارت، امریکہ، ایران، برطانیہ، ترکیہ، مصر، متحدہ عرب امارات، قازقستان، ازبکستان اور بیلاروس سمیت 20 ممالک کے تقریباً 50 بین الاقوامی ماہرین شرکت کریں گے، جبکہ مجموعی طور پر 400 سے زائد مندوبین کی آمد متوقع ہے۔
فورم کا انعقاد پریماکوف نیشنل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف ورلڈ اکانومی اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز (IMEMO) اور یوجینی پریماکوف سینٹر فار انٹرنیشنل کوآپریشن کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ’’پریماکوف ریڈنگز‘‘ کا آغاز 2015 میں کیا گیا تھا اور یہ روس کے معروف سیاستدان، سفارتکار اور دانشور یوجینی پریماکوف کے نام سے منسوب ایک اہم بین الاقوامی فورم ہے، جہاں دنیا بھر کے ماہرین عالمی سیاست، معیشت اور سلامتی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔