اچھی صحت کے لیے باقاعدہ نیند کا شیڈول اہم، صرف زیادہ دیر سونا کافی نہیں، تحقیق

Sleep Sleep

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

ریسریچرز نے 60 ہزار سے زائد افراد پر تحقیق کی۔ فٹنس ٹریکرز کے ذریعے ان کی نیند کے اوقات، سونے اور جاگنے کا وقت، اور نیند کا دورانیہ ریکارڈ کیا گیا۔ بعد ازاں ان کے ہیلتھ ریکارڈز کی مدد سے ان کی صحت اور اموات کی شرح کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ریسرچ میں عمر، سگریٹ نوشی، طرزِ زندگی اور پہلے سے موجود بیماریوں جیسے عوامل کو بھی مدِنظر رکھا گیا تاکہ نتائج زیادہ درست اور قابلِ اعتماد ہوں۔ تحقیق سے معلوم ہوا کہ روزانہ کم از کم 7 گھنٹے کی نیند لینا اہم ہے۔ لیکن اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ آپ ہر روز تقریباً ایک ہی وقت پر سوئیں اور ایک ہی وقت پر جاگیں۔ وہ لوگ جو ہر رات صرف 6 گھنٹے 15 منٹ سوتے تھے لیکن ان کی نیند کا شیڈول باقاعدہ تھا ان کی صحت اور زندگی کے نتائج اُن لوگوں سے بہتر تھے جو 8 گھنٹے تو سوتے تھے مگر کبھی جلدی اور کبھی دیر سے سونے کی عادت رکھتے تھے۔

باقاعدہ وقت پر سونے والوں میں
– دل کی بیماری، فالج اور ٹائپ 2 ذیابیطس سے موت کا خطرہ 57 فیصد کم دیکھا گیا۔
– کینسر سے موت کا خطرہ بھی 39 فیصد کم ریکارڈ کیا گیا۔

اس لیے کوشش کریں ہر رات تقریباً ایک ہی وقت پر سونے کی عادت بنائیں اور کوشش کریں کہ اس وقت میں 30 منٹ سے زیادہ فرق نہ آئے۔

اگر آپ کو مقررہ وقت پر سونے میں مشکل پیش آتی ہے تو یہ آسان عادتیں اپنائیں:
– سونے کے وقت سے تقریباً ایک گھنٹہ پہلے الارم لگا لیں تاکہ آپ اپنے دماغ اور جسم کو آرام کے لیے تیار کرنا شروع کر دیں۔
– سونے سے پہلے زیادہ ذہنی سرگرمیوں اور اسکرین کے استعمال سے گریز کریں۔ اگر موبائل یا کمپیوٹر استعمال کرنا ضروری ہو تو بلیو لائٹ بلاک کرنے والے چشمے استعمال کریں۔
– ایسی چیزوں سے پرہیز کریں جو نیند میں رکاوٹ بن سکتی ہیں، جیسے دوپہر کے بعد کیفین، یا سونے سے دو گھنٹے پہلے بھاری کھانا کھانا۔ مختصر بات کہ صرف زیادہ دیر سونا ہی کافی نہیں بلکہ باقاعدگی سے ایک ہی وقت پر سونا اور جاگنا بھی اچھی صحت اور لمبی زندگی کے لیے بے حد اہم ہے۔