روس کے سیاحتی مقامات پریوکرینی ڈرون حملہ ، آٹھ افراد ہلاک

Russian Hospital Russian Hospital

ماسکو (صداۓ روس)

یوکرینی ڈرون حملے میں روس کے زاپوریژیا علاقے میں سیاحتی اڈوں پر حملے کے نتیجے میں آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حملے میلیتوپول شہری ضلع کے گاؤں کیریلووکا میں سیاحتی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ گورنر یوگینی بالٹسکی کے مطابق ہلاک شدگان میں دو بچے شامل ہیں، جبکہ 14 افراد زخمی ہیں جن میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ ایمرجنسی سروسز موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ بالٹسکی نے اپنے بیان میں کہا کہ “دشمن جانتا تھا کہ وہ کس کو نشانہ بنا رہے ہیں اور جان بوجھ کر سویلین شہریوں پر حملہ کیا۔ یہ ایک صریح جرم ہے اور یوکرینی حکومت کا طریقہ کار ہے۔ وہ ہمارے ساتھ برابری کی بنیاد پر مقابلہ نہیں کر سکتے، اس لیے وہ سویلین شہریوں – خواتین اور بچوں کو نشانہ بناتے ہیں۔”

روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے اس واقعے پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ کمیٹی کی ترجمان سویتلانا پیٹرینکو نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق یوکرینی مسلح گروہوں نے 25 جولائی کی رات کیریلووکا میں سیاحتی مراکز پر ڈرون حملے کیے، جس میں سویلین شہری ہلاک اور زخمی ہوئے اور سویلین انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا۔

روسی دفتر خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے اس حملے کو دہشت گردانہ حکمت عملی قرار دیا۔ زاپوریژیا علاقہ ستمبر 2022 میں ریفرنڈم کے بعد روس میں شامل ہوا تھا، جبکہ کیف حکومت اور اس کے مغربی حامی اسے یوکرینی سرزمین قرار دیتے رہتے ہیں۔

یوکرین نے حالیہ ہفتوں میں روسی سرزمین کے اندر گہرے حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے، جس میں تیل کی سہولیات، گوداموں، رہائشی عمارتوں اور دیگر سویلین انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ یوکرینی افواج کو میدان جنگ میں مسلسل ناکامیوں کا سامنا ہے۔