ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس وقت ایران سے بات چیت کر رہے ہیں اور یہ ایران کی درخواست پر ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس عمل کی حمایت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بالخصوص قطر کر رہے ہیں، جبکہ کئی دیگر ممالک نے بھی رابطہ کیا ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو ایران کے لیے یہ ایک اچھے معاہدے پر دستخط کرنے کا آخری موقع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایران کو تباہ کن کارروائی سے پہلے ہر ممکن آخری موقع دینا چاہتے ہیں اور امید ہے کہ ایران عقل سے کام لے گا اور درست فیصلہ کرے گا، ورنہ اسے تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اس کے علاوہ امریکی صدر نے کہا کہ وہ ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں سے فیس وصول کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کی آزادی برقرار رہنی چاہیے اور مکمل کنٹرول امریکا کے پاس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی فیس وصول کرے گا تو وہ امریکا ہوگا، کیونکہ ناکہ بندی جیسی صلاحیت ان کے پاس موجود ہے۔