ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکیہ سے برطانیہ روانگی کے دوران طیارہ تبدیل کرنے کے معاملے پر کہا ہے کہ انہیں امریکی سیکرٹ سروس نے دوسرے طیارے میں منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔ ٹرمپ نے سی بی ایس نیوز کی صحافی نینسی کورڈس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیکرٹ سروس نے انہیں ایک مختلف پرواز اور دوسرے طیارے میں سفر کرنے کا کہا، جس پر انہوں نے سکیورٹی حکام کی ہدایت پر عمل کیا۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ سکیورٹی سے متعلق معاملات میں سیکرٹ سروس کی ہدایات پر عمل کرتے ہیں اور جو کچھ انہیں کرنے کے لیے کہا جاتا ہے وہ کر دیتے ہیں، انہیں اس معاملے میں سکیورٹی حکام پر اعتماد تھا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ترکیہ میں نیٹو اجلاس کے بعد برطانیہ روانگی کے موقع پر اپنا طیارہ تبدیل کیا تھا، اس دوران وہ بظاہر پرانے ایئر فورس ون پر سوار ہوئے، تاہم بعد میں انہیں ایک دوسرے امریکی فوجی طیارے میں منتقل کر دیا گیا۔ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ انہیں بہت سی دھمکیاں ملتی ہیں، جبکہ تازہ رپورٹس کے مطابق طیارہ تبدیل کرنے کا فیصلہ ایران سے متعلق ایک مبینہ سکیورٹی خطرے کے تناظر میں کیا گیا تھا۔