ہالی ووڈ اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر کا 36 برس کی عمر میں انتقال

Hayden Panettiere Hayden Panettiere

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہیڈن پنیٹیئر 36 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ ان کے نمائندے نے امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز سے اداکارہ کے انتقال کی تصدیق کر دی۔ اداکارہ کے والد اسکیپ پنیٹیئر نے ایک بیان میں گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی ایک غیر معمولی شخصیت تھیں، جو اپنے جاننے والوں اور اسکرین پر انہیں دیکھنے والے لاکھوں افراد کے لیے بے پناہ محبت اور خوشیاں لے کر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ خاندان اس ناقابلِ تصور صدمے سے گزر رہا ہے اور اس مشکل وقت میں اہلِ خانہ کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ اداکارہ کی موت کی وجہ سے متعلق تاحال کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

ہیڈن پنیٹیئر نے کم عمری میں شوبز کی دنیا میں قدم رکھا اور ٹی وی و فلم میں کامیاب کیریئر بنایا۔ انہیں مقبول سیریز ہیروز اور نیشویل میں اپنی اداکاری کے باعث عالمی شہرت حاصل ہوئی۔ اداکارہ کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ہالی ووڈ اور دنیا بھر میں ان کے مداحوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ہیڈن پنیٹیئر کے انتقال سے چند روز قبل ہی ان کی 37ویں سالگرہ تھی۔ ان کے بھائی جانسن پنیٹیئر بھی فروری 2023 میں 28 برس کی عمر میں اچانک انتقال کر گئے تھے۔