ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر مبینہ قاتلانہ حملے کی کوشش کے دوران وہ محفوظ رہے جبکہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق White House Correspondents’ Dinner کے دوران اچانک فائرنگ کی آواز سنی گئی جس کے باعث تقریب میں افراتفری پھیل گئی۔ واقعے کے فوراً بعد سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے صدر ٹرمپ کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا تھا کہ حملہ آور کو ہلاک کر دیا گیا ہے، تاہم بعد ازاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خود تصدیق کی کہ ملزم کو زندہ گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تقریب میں امریکی ایوانِ نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن اور نائب صدر جے ڈی وینس بھی موجود تھے، جنہیں بھی سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر باہر نکال لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ سے قبل صدر ٹرمپ اور خاتونِ اول کو ایک پرچی دی گئی، جس کے بعد صورتحال اچانک کشیدہ ہو گئی اور فائرنگ کی آواز گونج اٹھی۔ سیکریٹ سروس کے اہلکاروں نے فوری ردعمل دیتے ہوئے اسٹیج کے اطراف حصار قائم کیا اور شرکاء کو محفوظ طریقے سے باہر منتقل کیا۔
واقعہ واشنگٹن ڈی سی کے ایک ہوٹل میں پیش آیا جہاں تقریب جاری تھی۔ حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ سکیورٹی انتظامات کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔