واشنگٹن فائرنگ واقعہ: مشتبہ حملہ آور کی شناخت ہوگئی، تحقیقات جاری

Cole Thomas Allen Cole Thomas Allen

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ڈنر کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ملوث مشتبہ حملہ آور کی شناخت سامنے آ گئی ہے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کی شناخت 31 سالہ کول تھامس ایلن کے طور پر ہوئی ہے، جو ریاست کیلیفورنیا کے شہر ٹورنز کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔

میڈیا بریفنگ کے دوران واشنگٹن کے میئر نے بتایا کہ واقعے میں ایک ہی مسلح شخص ملوث تھا، جو ہوٹل کی لابی میں سیکریٹ سروس اہلکاروں کی جانب بڑھا، تاہم ایک اہلکار نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے روک لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ آور کے محرکات کیا تھے اور اس کا اصل ہدف کون تھا، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس چیف کا کہنا ہے کہ ہوٹل کی سکیورٹی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ملزم اسلحہ سمیت عمارت میں کیسے داخل ہوا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور کے پاس ایک شاٹ گن، ایک ہینڈ گن اور متعدد چاقو موجود تھے، جبکہ یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ ہوٹل میں بطور مہمان ٹھہرا ہوا تھا۔

یاد رہے کہ ہفتے کی رات صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں ہونے والے اس ڈنر کے دوران اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، تاہم صدر ٹرمپ اور دیگر اہم شخصیات محفوظ رہیں جبکہ سیکریٹ سروس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔

واقعے کے بعد صدر ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹ سروس کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہا اور کہا کہ حملہ آور کے پاس بھاری اسلحہ موجود تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابتدائی طور پر یہ واقعہ ایران جنگ سے متعلق معلوم نہیں ہوتا، تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی حقائق سامنے آئیں گے۔