اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیرِاعظم شہباز شریف نے وائٹ ہاؤس کوریسپونڈنٹس ڈنر کے دوران پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعے کی خبر سن کر شدید صدمہ ہوا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ یہ جان کر اطمینان ہوا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور خاتونِ اوّل میلانیا ٹرمپ محفوظ ہیں۔ انہوں نے دونوں شخصیات کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سلامتی اور خیریت کے لیے دعاگو ہیں۔ واضح رہے کہ ہفتے کی شب واشنگٹن میں ہونے والے اس پریس ڈنر کے دوران اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے بعد سکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔ واقعے میں امریکی صدر سمیت دیگر شرکاء محفوظ رہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ حملہ آور کے پاس بھاری اسلحہ موجود تھا اور اس نے سکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملے کی کوشش کی۔ انہوں نے سیکریٹ سروس کی فوری اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اہلکاروں نے بہادری کا مظاہرہ کیا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق مشتبہ شخص نے تقریباً 15 گز کے فاصلے سے حملے کی کوشش کی، تاہم ابتدائی اندازوں کے مطابق اس واقعے کا ایران جنگ سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے واقعے کو ایک غیر متوقع اور حیران کن لمحہ قرار دیا۔