لزبن میں مشہور ٹرام کو حادثہ، کم از کم 15 افراد ہلاک
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
پرتگال کے دارالحکومت لزبن میں دنیا بھر میں مشہور گلوبیا فنی کیولر ریلوے کی ایک ٹرام کے پٹڑی سے اتر جانے کے نتیجے میں کم از کم 15 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ بدھ کی شام مقامی وقت کے مطابق چھ بجے کے قریب، رش آور کے آغاز میں پیش آیا۔ عینی شاہدین اور میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کے بعد ٹرام بری طرح تباہ ہو گئی جبکہ امدادی کارکن زخمیوں اور لاشوں کو ملبے سے نکالتے رہے۔ بعض مسافروں کو کھڑکیوں سے کود کر جان بچانی پڑی۔ ٹرانسپورٹ کمپنی کیریس، جو اس فنی کیولر کو چلاتی ہے، نے کہا کہ حادثے کے فوراً بعد ہنگامی سروسز اور سکیورٹی اداروں کو اطلاع دی گئی، تاہم حادثے کی وجوہات پر فی الحال کوئی تفصیل نہیں دی گئی۔
پرتگالی صدر مارسلو ریبیلو دی سوزا نے اپنے بیان میں اس افسوسناک سانحے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لاین نے بھی پرتگالی زبان میں جاری اپنے پیغام میں متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ یاد رہے کہ یہ تاریخی ٹرام لائن 1885 میں کھولی گئی تھی جو لزبن کے ڈاؤن ٹاؤن ریستورادورِس اسکوائر کو بائیرو آلٹو (اپر کوارٹر) سے جوڑتی ہے۔ ہر سال تین ملین سے زائد مسافر اس ٹرام کا استعمال کرتے ہیں۔ ٹریک پر دو گاڑیاں مخالف سمتوں میں ایک ہی کیبل سے منسلک رہتی ہیں، جنہیں برقی موٹرز سے چلایا جاتا ہے۔ حادثے میں نیچے موجود دوسری گاڑی کو بظاہر نقصان نہیں پہنچا، لیکن رپورٹس کے مطابق اس میں سوار مسافروں کو بھی کھڑکیوں کے ذریعے باہر نکلنا پڑا۔