بھارت میں آسٹریلوی خواتین کھلاڑیوں سے جنسی ہراسانی، شائقین میں غم و غصہ
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت میں جاری آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران دو آسٹریلوی خواتین کرکٹرز کے ساتھ جنسی ہراسانی کا واقعہ پیش آیا ہے جس نے ملک میں خواتین کے تحفظ اور مودی حکومت کی قانون نافذ کرنے کی صلاحیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ یہ واقعہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت والی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں پیش آیا، جہاں عالمی کپ کے چند میچز کھیلے جا رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق دونوں معروف آسٹریلوی کھلاڑی ایک کیفے کی جانب جا رہی تھیں کہ ایک موٹر سائیکل سوار شخص نے ان کا پیچھا کیا اور مبینہ طور پر نامناسب انداز میں ہاتھ لگایا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے بعد ازاں اس شخص کو گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے، تاہم معاملہ اس وقت مزید متنازع ہو گیا جب ایک مقامی وزیر نے واقعے پر غیر محتاط اور متنازع بیان دیا، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آیا اور بھارت میں خواتین کے تحفظ کے حوالے سے بحث دوبارہ شروع ہو گئی۔ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے مبینہ طور پر عالمی کپ منتظمین اور مقامی حکام سے رابطہ کیا ہے تاکہ ٹیم کی بقیہ میچز کے دوران مکمل سیکیورٹی یقینی بنائی جا سکے.