بابراعظم نے روہت شرما کا ریکارڈ توڑ کر نئی تاریخ رقم کر دی
اسلام آباد
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرلیا ہے۔ بابر اعظم نے بھارت کے سابق کپتان روہت شرما کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے یہ اعزاز لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران حاصل کیا۔ سابق بھارتی کپتان روہت شرما نے مجموعی طور پر 159 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 4,231 رنز بنائے تھے، جبکہ بابراعظم کو ان کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف 9 رنز درکار تھے۔ بابر نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنی اننگز کا 9 واں رنز مکمل کرتے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے بعد بابر اعظم مختصر فارمیٹ کی ٹیم سے باہر کر دیے گئے تھے۔ تاہم ایشیا کپ 2025 میں ٹیم کی ناکامی کے بعد انہیں دوبارہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اسکواڈ میں شامل کیا گیا۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق بابر اعظم کی یہ کامیابی پاکستان کرکٹ کے لیے نہ صرف ایک اعزاز ہے بلکہ ان کی مستقل مزاجی اور شاندار فارم کا ثبوت بھی ہے۔