ایران کے ساتھ جنگ چند ماہ نہیں چلے گی، وائٹ ہاؤس

Karoline Leavitt's White House Karoline Leavitt's White House

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

وائٹ ہاؤس کے قومی اقتصادی کونسل کے ڈائریکٹر کیون ہاسیٹ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کئی ماہ تک جاری نہیں رہے گا اور امریکی انتظامیہ کو توقع ہے کہ یہ چند ہفتوں میں ختم ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے اندازہ لگایا ہے کہ یہ تنازع چار سے چھ ہفتوں کے اندر ختم ہو سکتا ہے۔ فوکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کیون ہاسیٹ نے کہا کہ یہ تنازع طویل عرصے تک نہیں چلے گا۔ ان کے بقول صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیم نے بریفنگ میں بتایا ہے کہ یہ کارروائی تقریباً چار سے چھ ہفتوں تک جاری رہ سکتی ہے اور اس کا آغاز دو ہفتے پہلے ہو چکا ہے، جبکہ صورتحال منصوبہ بندی کے مقابلے میں تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے 28 فروری کو ایران کے خلاف مشترکہ فوجی آپریشن شروع کیا تھا۔ اس کارروائی کے دوران تہران سمیت ایران کے کئی بڑے شہروں کو نشانہ بنایا گیا۔ وائٹ ہاؤس نے اس حملے کا جواز یہ پیش کیا تھا کہ ایران کی جانب سے مبینہ میزائل اور جوہری خطرات موجود تھے۔ ایران کی پاسداران انقلاب نے اس حملے کے جواب میں جوابی کارروائی کا اعلان کیا تھا جس کے دوران اسرائیل میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ بحرین، اردن، کویت، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں قائم امریکی فوجی اڈوں پر بھی حملے کیے گئے۔ رپورٹس کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور دیگر اہم ایرانی رہنما بھی ہلاک ہو گئے۔