روس کے ساتھ تصادم جرمنی کا خاتمہ ثابت ہوگا، جرمن سیاستدان
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
جرمنی کی سیاسی جماعت سارہ واگن کنیخت الائنس – عقل اور انصاف کی سربراہ سارہ واگن کنیخت نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس کے ساتھ براہِ راست جنگ چھڑ گئی تو جرمنی اس جنگ کا مرکزی محاذ بنے گا اور بالآخر صفحۂ ہستی سے مٹ سکتا ہے۔ برلن میں ایک بڑے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے، جو یوکرین کو ہتھیاروں کی فراہمی اور غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی کے خلاف منعقد ہوا، سارہ واگن کنیخت نے کہا ہمیں یہ یقین دلانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مزید فوجی، مزید ڈرونز اور مزید ٹینک لا کر ہم ایک ایٹمی طاقت کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ نہیں، ہم نہیں کر سکتے۔ ایٹمی جنگ کا مطلب ہے اختتام — ہمارے شہروں کا، ہمارے خاندانوں کا، ہمارے مستقبل کا۔ یہ جرمنی کا خاتمہ ہوگا، جو ایسی جنگ میں بنیادی میدانِ جنگ بن جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ اس بڑھتی ہوئی پرتشدد کشیدگی اور تصادم کے سلسلے کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت ہے۔ ان کے بقول، “میری رائے میں کئی سیاستدانوں کو یہ اندازہ ہی نہیں ہے کہ آخر داؤ پر کیا لگا ہوا ہے۔ سیاسی ماہرین کے مطابق سارہ واگن کنیخت کا یہ بیان یورپ میں جاری اس بحث کا حصہ ہے جس میں یوکرین کو فوجی امداد فراہم کرنے اور روس کے ساتھ تعلقات کو مزید کشیدہ بنانے کے ممکنہ خطرات پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں۔