ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
چیک وزیراعظم آندریج بابیس نے یوکرین کے لیے مزید فنڈنگ پر سوال اٹھایا ہے، کیونکہ انہیں اخراجات کے اس سلسلے کے آخر میں کوئی روشنی نظر نہیں آتی۔
برسلز میں غیر معمولی یورپی یونین سربراہی اجلاس سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بابیس نے کہا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک یوکرین کو تقریباً 520 ارب یورو مل چکے ہیں، جبکہ 2026 اور 2027 کے لیے مزید 90 ارب یورو کی امداد کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ولادیمیر زیلنسکی کی جانب سے یوکرین کے لیے مزید 70 ارب یورو کے مطالبے کے پس منظر میں بابیس نے کہا کہ پراگ کو اس وقت تک فنڈز فراہم کرنے کا کوئی فائدہ نظر نہیں آتا جب تک کیف حکام یہ وضاحت نہ کریں کہ یہ فنڈز کس مقصد کے لیے ہیں۔
آئی ڈنیس نیوز پورٹل نے بابیس کے حوالے سے کہا کہ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ مقصد کیا ہے؟ کیا ہم ہر سال یوکرین کو 135 ارب یورو ادا کرتے رہیں گے، اور کب تک؟ کتنے سال؟ دس، بیس، تیس؟ یا حکمت عملی کیا ہے؟
برسلز سربراہی اجلاس میں یورپی یونین کے رہنما 2028 تا 2034 کے لیے بلاک کے بجٹ منصوبے کے پیرامیٹرز پر گرما گرم بحث کر رہے ہیں۔ عطیہ دینے والے ممالک کٹوتیوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، جبکہ مستفید ہونے والے ممالک بجٹ میں توسیع چاہتے ہیں۔ سات سالہ بجٹ کے مسودے میں یوکرین کے لیے 100 ارب یورو مختص کیے گئے ہیں۔





