بھارت میں ڈیجیٹل روپیہ متعارف کروایا جائے گا
دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت میں ڈیجیٹل روپیہ متعارف کروایا جائے گا. بھارت مالی سال 2022 میں ڈیجیٹل کرنسی متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ دنیا بھر کی حکومتیں اور مرکزی بینک اسی طرح کے اقدامات پر غور کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے اس معاملے پر گرما گرم بحث و مباحثہ جاری ہے۔ بھارت کی وزیر خزانہ نِرمالا سِتھارامَن نے پارلیمان کو بتایا کہ بھارت کا مرکزی بینک، ڈیجیٹل روپیہ جاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی بینک کی جانب سے ڈیجیٹل کرنسی متعارف کروائے جانے سے ڈیجیٹل معیشت کو زبردست اٹھان ملے گی اور اس سے کرنسی کے انتظام کا مؤثر اور ارزاں نظام بھی جنم لے گا۔
نجی شعبے کی جانب سے کرپٹو کرنسیوں کے اجراء سے بھارتی حکومت اور مرکزی بینک کے عہدیداران میں خدشات پیدا ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کرنسیوں سے مالیاتی عدم استحکام پیدا ہوتا ہے۔ سِتھارامَن نے عندیہ دیا کہ کرپٹو منافعے پر 30 فیصد ٹیکس عائد کرنے کا منصوبہ ہے۔ بظاہر اس کا مقصد حکومتی ڈیجیٹل کرنسی کے استعمال کے لیے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہے۔ چین اس شعبے میں دیگر ممالک سے کافی آگے باور کیا جاتا ہے، کیونکہ اس کا مرکزی بینک پہلے ہی ڈیجیٹل یُوآن کے عوامی استعمال کا تجربہ کر رہا ہے۔ امریکی فیڈرل ریزرو، سائبر حملوں جیسے خدشات کے باعث اپنے ممکنہ اقدامات کا احتیاط سے جائزہ لے رہا ہے۔