ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے فلسطینیوں کے لیے امداد کا اعلان کرتے ہوئے غزہ میں 50 ہزار افراد کی رہائش کے لیے خیمے بھجوانے کی ہدایت کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ امارات متاثرہ فلسطینی خاندانوں کو خیمے فراہم کرے گا۔ یہ خیمے محمد بن راشد المکتوم گلوبل انیشی ایٹوز کے ذریعے غزہ پہنچائے جائیں گے، اور اماراتی امدادی مشن آپریشن چیولرس نائٹ 3 کے تعاون سے علاقے کے مختلف حصوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد بے گھر فلسطینیوں کو سردی کے موسم اور شدید بارشوں سے آنے والے سیلاب کے خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ کے باہر ایک لاکھ 50 ہزار خیمے داخلے کے منتظر ہیں۔ عالمی ادارے کے مطابق غزہ میں پناہ گاہوں اور سردی سے بچاؤ کے ضروری سامان کے ذخائر ختم ہو چکے ہیں۔ اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہے کہ فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان کی رسائی پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں، کیونکہ بے گھر فلسطینیوں کو خیموں اور سردی سے بچاؤ کے سامان کی فوری ضرورت ہے۔
مقامی حکام کے مطابق گزشتہ ہفتے ہونے والی شدید بارش کے ابتدائی گھنٹوں میں کم از کم 70 ہزار خیمے زیر آب آ گئے تھے، جبکہ کیمپ سے متصل ریتلے ٹیلے کے بہہ جانے سے ایک خاتون اور تین بچے ہلاک ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق نومبر 2023 سے اب تک امارات غزہ کو 136 ہزار ٹن سے زائد امداد پہنچا چکا ہے جس کی مالیت 4.16 ارب ڈالر ہے۔ آپریشن چیولرس نائٹ 3 کا آغاز 5 نومبر 2023 کو صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر کیا گیا تھا۔