برطانیہ میں دوسرے امریکی اڈے پر خطرے کی گھنٹی

US Air force base US Air force base

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ممکنہ حملے کے خطرے کے پیش نظر امریکا نے برطانیہ میں اپنے دوسرے فوجی اڈے سے بھی طیارے منتقل کر دیے ہیں۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا نے گزشتہ روز برطانیہ کے آر اے ایف ملڈن ہال فوجی اڈے سے اپنے طیارے ہٹائے۔

اس سے قبل آر اے ایف لیکن ہیتھ سے بھی امریکی طیاروں کی نقل و حرکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ دونوں فوجی اڈوں پر امریکی اہلکاروں اور تنصیبات کے تحفظ کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا اور اس معاملے سے واقف ایک اور عہدیدار کے مطابق دو امریکی فضائی ایندھن بردار طیارے جرمنی بھیجے گئے، جبکہ دیگر طیارے بھی جرمنی اور دوسرے مقامات پر منتقل کیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق آر اے ایف ملڈن ہال کو درپیش خطرے کی نوعیت کے بارے میں امریکی حکام کے درمیان اب بھی بات چیت جاری ہے۔ متعدد کے سی 135 طیارے ملڈن ہال سے جرمنی اور اسکاٹ لینڈ کی جانب روانہ ہوئے، جبکہ سی وی 22 بی طیارے ملڈن ہال سے لیکن ہیتھ منتقل کیے گئے۔

سی بی ایس نیوز اور سی این این کے تجزیہ کردہ فلائٹ ٹریکنگ ڈیٹا کے مطابق ملڈن ہال سے 9 سے 10 کے سی 135 اسٹریٹو ٹینکر طیارے ہٹائے گئے، جن میں سے چار جرمنی کے اسپینگڈاہلم ایئربیس، ایک رامسٹین، چار اسپین کے موروں ایئربیس اور ایک اسکاٹ لینڈ کے گلاسگو پریسٹوک ایئرپورٹ پہنچا، جبکہ تین وی 22 اوسپری طیارے لیکن ہیتھ منتقل ہوئے۔ رپورٹس کے مطابق امریکا نے ملڈن ہال اور لیکن ہیتھ پر سیکیورٹی کو فورس پروٹیکشن کنڈیشن چارلی کی سطح تک بڑھا دیا ہے، جو پینٹاگون کے پیمانے پر دوسری بلند ترین سطح ہے اور اس وقت نافذ ہوتی ہے جب انٹیلی جنس سے ظاہر ہو کہ دہشت گرد کارروائی کا امکان ہے۔ امریکی یورپی کمان نے کہا ہے کہ طیارے مختلف وجوہات کی بنا پر مقامات کے درمیان منتقل ہوتے ہیں اور وہ سیکیورٹی اقدامات پر بات نہیں کر سکتی۔

برطانوی فوجی اڈے آر اے ایف لیکن ہیتھ کی انتظامیہ نے مقامی آبادی سے مشتبہ سرگرمیوں، خصوصاً اڈوں کے قریب غیر مجاز ڈرون پروازوں کی اطلاع دینے کی اپیل بھی کی ہے۔

گزشتہ ماہ امریکا نے برطانیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ ایئربیس سے ایران کے خلاف حملوں میں استعمال ہونے والے تمام بی 1 بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کر دیے تھے۔ رپورٹس کے مطابق وہ اقدام فیئر فورڈ میں ایران سے منسلک مشتبہ منصوبے کی تحقیقات کے بعد کیا گیا تھا، جس میں ڈرون حملے اور امریکی پائلٹس کو نشانہ بنانے کے خدشات سامنے آئے۔