ایلون مسک کا سائبر ٹرک کی پیداوار ختم کرنے کا اعلان

Cybertruck Cybertruck

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی سائبر ٹرک کی پیداوار ختم کر دے گی اور یہ عمل اگلے برس مکمل ہو جائے گا۔ 2019 میں متعارف کرائی گئی اس گاڑی کے لیے چند ہی روز میں ڈھائی لاکھ پری آرڈرز موصول ہوئے تھے۔

مسک نے جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ ٹیسلا اگلے سال کے وسط کے آس پاس گیگا فیکٹری ٹیکساس میں سائبر ٹرک کی پیداوار بتدریج بند کر دے گی تاکہ سائبر کیب کی بڑھی ہوئی پیداوار کے لیے جگہ بنائی جا سکے۔ سائبر کیب ٹیسلا کی خود چلنے والی دو نشستوں کی روبوٹ ٹیکسی ہے۔ انہوں نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم ایک صارف کے جواب میں سائبر ٹرک کو ٹیسلا کی اب تک کی بہترین گاڑی اور اس فیصلے کو ایک دور کا خاتمہ قرار دیا۔ اس اعلان کے بعد جمعے کو ٹیسلا کے حصص میں 4.7 فیصد اضافہ ہوا۔

سائبر ٹرک کو 2019 میں متعارف کرایا گیا اور 2023 کے آخر میں اس کی تجارتی پیداوار اور ابتدائی ترسیل شروع ہوئی، جبکہ مسک نے سالانہ 2 لاکھ 50 ہزار گاڑیاں فروخت ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔ تاہم فروخت اس ہدف سے بہت کم رہی۔ تجزیہ کار ادارے کاکس آٹوموٹو کے مطابق 2026 کے پہلے نو ماہ میں ٹیسلا نے صرف 11 ہزار 586 سائبر ٹرک فروخت کیے۔ کیلی بلیو بک کے اندازے کے مطابق 2024 کے مقابلے میں 2025 میں سائبر ٹرک کی فروخت 48 فیصد کم ہوئی، جبکہ رواں سال جنوری سے ستمبر تک اس میں 28 فیصد کمی آئی۔ گاڑی کی بنیادی قیمت بڑھ کر تقریباً 60 ہزار ڈالر ہو گئی تھی۔

فورسبز کے مطابق ٹیکساس کی گیگا فیکٹری وہ واحد مقام ہے جہاں اس وقت یہ پک اپ تیار ہوتی ہے، اور یہ واضح نہیں کہ اس کی پیداوار کسی دوسری فیکٹری میں جاری رہے گی یا نہیں، تاہم اس کا امکان کم دکھائی دیتا ہے۔ اس سے قبل رواں سال کمپنی نے ماڈل ایس سیڈان اور ماڈل ایکس ایس یو وی کی پیداوار بھی ختم کر کے ان کے لیے مختص فیکٹری کی جگہ ہیومنائیڈ روبوٹ آپٹیمس بنانے کے لیے مختص کر دی تھی۔ ٹیسلا ستمبر میں آسٹن میں سائبر کیب کے چھوٹے بیڑے کے ساتھ مسافروں کو پیڈ سواریاں فراہم کرنا شروع کر چکی ہے۔