ووہان (محمد ابراہیم عباسی)
چین کی ووہان یونیورسٹی میں منعقدہ دو روزہ لوچیا گولڈن آٹم انٹرنیشنل کلچرل فیسٹیول میں روسی اور پاکستانی طلبہ کی ثقافتی پرفارمنسز نمایاں رہیں۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ نے اپنے روایتی لباس، موسیقی، رقص اور کھانوں کے ذریعے اپنی قومی ثقافت کو متعارف کرایا۔
روسی طلبہ نے اپنے اسٹال پر روایتی کھانے، جن میں بلینی، کواس، اچار، چاکلیٹ اور مٹھائیاں شامل تھیں، پیش کیے۔ تقریباً 40 روسی طلبہ نے اس ثقافتی سرگرمی میں حصہ لیا۔ اسٹیج پر 14 طلبہ نے ’’جوی فل ڈانس آف رشیا‘‘ کے عنوان سے روایتی روسی لوک رقص پیش کیا۔ انہوں نے سرافان اور کوکوشنک سمیت روایتی ملبوسات پہن رکھے تھے۔ فیسٹیول کی فہرست میں روس 16 شرکا کے ساتھ پہلے نمبر پر تھا۔
پاکستانی طلبہ نے بھی اپنی ثقافت کو بھرپور انداز میں پیش کیا۔ سبز اور سفید رنگوں سے سجے اسٹال پر پاکستانی پرچم، کے ٹو، خنجراب پاس، فیصل مسجد اور بادشاہی مسجد کی تصاویر آویزاں تھیں۔ دو روز کے دوران ہزاروں چینی طلبہ، اساتذہ اور خاندانوں نے پاکستانی اسٹال کا دورہ کیا۔
پاکستانی طلبہ نے خود سموسے، پکوڑے، گول گپے، فروٹ چاٹ، بریانی اور دودھ پتی چائے تیار کرکے مہمانوں کو پیش کی۔ چینی بچوں نے اپنے چہروں اور ہاتھوں پر پاکستانی پرچم بنوائے، جبکہ اردو میں اپنے نام لکھوانے اور مہندی لگوانے میں بھی دلچسپی دکھائی۔
اسٹیج پر پاکستانی طلبہ نے ملی نغموں اور علاقائی لوک رقص کے ذریعے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔ اگلے روز 17 طلبہ نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، بلوچستان، سندھ، پنجاب اور اسلام آباد کے روایتی ملبوسات پیش کیے۔ ہر علاقے کے لباس کے ساتھ اس کی ثقافتی جھلک بھی دکھائی گئی۔
پاکستان اور روس کے علاوہ چین، بھارت، ایران، مصر، انڈونیشیا، تھائی لینڈ، منگولیا، بیلاروس، قازقستان اور دیگر ممالک کے طلبہ نے بھی اپنے ثقافتی پروگرام پیش کیے۔ چینی طلبہ نے اپنے روایتی گیت، رقص اور اوپیرا کے ذریعے میزبان ملک کی ثقافت کو اجاگر کیا۔
فیسٹیول میں 46 سے زائد ممالک اور خطوں کے 319 شرکا نے نمائندگی کی.
تقریب کا اختتام مختلف ممالک کے طلبہ کی مشترکہ پرفارمنس ’’وی آر دی ورلڈ‘‘ پر ہوا۔ اس میلے نے بین الاقوامی طلبہ کو اپنی ثقافت پیش کرنے اور ایک دوسرے کی روایات سے واقفیت حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا۔





