ایپسٹین فائلز : بل گیٹس کا 3 خواتین کے ساتھ تعلقات کا اعتراف

Bill Gates Bill Gates

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

امریکی کانگریس کی نگرانی کمیٹی کے سامنے بند کمرے میں ریکارڈ کروائے گئے بیان میں مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے اعتراف کیا ہے کہ ان کے تین خواتین کے ساتھ تعلقات رہے۔ انہوں نے بتایا کہ بدنامِ زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین کو ان کے دو تعلقات کی معلومات تھیں۔ بل گیٹس نے بتایا کہ جیفری ایپسٹین کو روسی برج کھلاڑی میلا انتونووا اور جوہری سائنس دان کریما نگماتولینا کے ساتھ ان کے تعلقات کا علم تھا۔ انہوں نے کاروباری شخصیت ایلس جیکبز نیسلروڈٹ کے ساتھ بھی تعلق کا اعتراف کیا ہے۔ بل گیٹس کے مطابق یہ تعلقات ایپسٹین کے ساتھ ان کی ملاقاتوں سے متعلق نہیں تھے۔ تاہم ایپسٹین ان معلومات اور بعض جھوٹے دعوؤں کو استعمال کر کے انہیں دوبارہ رابطے پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایپسٹین نے کبھی براہِ راست بلیک میل نہیں کیا، لیکن سامنے آنے والی کچھ ای میلز سے لگتا ہے کہ وہ ایسا کرنے پر غور کر رہا تھا۔ بل گیٹس نے ایپسٹین کے جرائم سے کسی بھی طرح کے تعلق کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایپسٹین کے ساتھ ان کی ملاقاتیں زیادہ تر فلاحی منصوبوں اور ممکنہ عطیہ دہندگان سے رابطوں کے سلسلے میں ہوئیں۔ ان کے مطابق انہوں نے چار سال کے دوران ایپسٹین سے تقریباً 12 سے 14 ملاقاتیں اور 2 ویڈیو کالز کیں۔

کمیٹی نے بل گیٹس سے مبینہ جنسی بیماری سے متعلق دعوؤں پر بھی سوالات کیے جنہیں انہوں نے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کبھی کوئی ایسی بیماری نہیں ہوئی اور نہ ہی میں نے خفیہ طور پر کسی کو ادویات فراہم کی ہیں۔ ادھر گیٹس فاؤنڈیشن نے بھی ایپسٹین کے ساتھ ماضی کے روابط کا بیرونی جائزہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔