ایران میں مائع گیس کے پلانٹ میں خوفناک دھماکہ، آگ پر قابو پا لیا گیا
ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
ایران کے شہر شیراز میں مائع گیس بھرنے کے ایک پلانٹ میں زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوگئے۔ ایرانی نشریاتی ادارے SNN ٹی وی کے مطابق واقعہ اُس وقت پیش آیا جب پلانٹ میں آگ لگنے کے دوران گیس سلنڈروں میں دھماکے ہوئے۔ فائر بریگیڈ کی بروقت کارروائی سے آگ کو جلد قابو میں لے لیا گیا، تاہم دھماکے کے باعث دو افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کرنا پڑا، جب کہ باقی سات کو موقع پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔ حکام کے مطابق ماہرین حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکہ کسی فنی خرابی یا لیکیج کے باعث پیش آیا ہوسکتا ہے۔