تیز قدم چلانے والے زندگی لمبی جیتے ہیں، نئی تحقیق میں انکشاف

Women walking Women walking

تیز قدم چلانے والے زندگی لمبی جیتے ہیں، نئی تحقیق میں انکشاف

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
اگر آپ کے پاس جم جانے کا وقت نہیں، تو پریشان نہ ہوں—صرف 15 منٹ کی روزانہ تیز واک آپ کی صحت کو بہتر بنانے کے لیے کافی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق تیز رفتاری سے چلنا عمر بڑھانے، قبل از وقت موت کے خطرات کم کرنے اور دل کی صحت بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ امریکی جرنل امریکن جرنل آف پریوینٹیو میڈیسن میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ عام طور پر ہفتے میں 150 منٹ معتدل جسمانی سرگرمی کی سفارش کی جاتی ہے، مگر اگر یہ ممکن نہ ہو، تو روزانہ 15 منٹ کی تیز واک بھی تقریباً اتنا ہی فائدہ دیتی ہے۔ اس تحقیق کی سربراہی ڈاکٹر ویئی ژینگ نے کی، جنہوں نے 2002 سے 2009 کے دوران 85 ہزار کم آمدنی اور زیادہ تر سیاہ فام افراد سے ڈیٹا اکٹھا کیا۔ 16 سال بعد انہیں دوبارہ سروے کیا گیا اور 2023 میں اس کے نتائج سامنے آئے۔ ڈاکٹر ژینگ کے مطابق ہم جانتے ہیں کہ تیز چلنا سست چلنے کے مقابلے میں زیادہ فائدہ مند ہے، لیکن روزانہ کتنی دیر تیز چلنا چاہیے، اس پر تحقیق کم تھی۔ اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ کم از کم 15 منٹ بہت فرق ڈال سکتے ہیں۔ تحقیق میں پایا گیا کہ جو افراد روزانہ کم از کم 15 منٹ تیز چلتے تھے، اُن میں قبل از وقت موت کا خطرہ 20 فیصد تک کم ہو گیا۔ جبکہ جو لوگ روزانہ تین گھنٹے سے زیادہ سست رفتار میں چلتے تھے، اُن میں یہ کمی صرف 4 فیصد تھی۔ امریکی ماہرِ قلب ڈاکٹر اینڈریو فری مین نے کہا کہ گزشتہ تحقیق بھی یہی بتاتی ہے کہ تیز رفتار چلنا بہتر صحت سے جڑا ہوا ہے، کیونکہ جو شخص جسمانی طور پر کمزور ہو گا، وہ تیزی سے چل ہی نہیں سکے گا۔