اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

انڈونیشیا: بالی کے قریب فیری ڈوب گئی، چار ہلاک، درجنوں لاپتا

crying women

انڈونیشیا: بالی کے قریب فیری ڈوب گئی، چار ہلاک، درجنوں لاپتا

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)
انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے قریب ایک فیری کے ڈوبنے سے کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ تیس کے قریب افراد تاحال لاپتا ہیں۔ فیری میں کل پینسٹھ افراد سوار تھے۔ یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب پیش آیا جب سمندر میں شدید موجوں کے باعث فیری الٹ گئی۔ ریسکیو ادارے کے مطابق کیم پی تونو پرتما جایا نامی فیری مشرقی جاوا کے کیتاپانگ سے بالی کے گلیمانوک کی جانب جا رہی تھی۔ فیری نے مقامی وقت کے مطابق رات 11 بج کر 20 منٹ پر روانگی لی اور تقریباً آدھے گھنٹے بعد ڈوب گئی۔ حادثے کے وقت 2.5 میٹر تک بلند موجیں رپورٹ کی گئیں۔ اب تک 31 افراد کو زندہ بچایا گیا ہے جن میں سے کئی افراد کئی گھنٹے پانی میں بہتے رہے اور نیم بیہوش حالت میں پائے گئے۔ چار لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ بقیہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے نو کشتیاں اور مقامی ماہی گیر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق چار افراد لائف بوٹ کے ذریعے نکلنے میں کامیاب ہوئے جنہیں جمعرات کی صبح پانی سے بازیاب کر لیا گیا۔ ابتدائی طور پر لاپتا افراد کی تعداد اڑتیس بتائی گئی تھی لیکن بعد ازاں اس میں کمی آئی۔ ریسکیو ایجنسی کے سربراہ نانانگ سیگت نے بتایا کہ خراب موسم نے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالی۔ ان کے مطابق “فیری ابتدا سے ہی ریڈیو پر رابطے میں نہیں تھی، بعد میں اسی کمپنی کے دیگر جہازوں نے اسے ایک طرف جھکی ہوئی حالت میں پایا۔ انڈونیشیا کے صدر پربوو سبیانتو، جو اس وقت سرکاری دورے پر سعودی عرب میں موجود ہیں، نے اس حادثے پر فوری ایمرجنسی ردعمل کا حکم دیا ہے۔ ریسکیو ایجنسی نے مزید اہلکار اور سامان حادثے کے مقام پر روانہ کر دیا ہے۔ یہ فیری 53 مسافروں، 12 عملے کے افراد اور 22 گاڑیوں (جن میں 14 ٹرک شامل تھے) کو لے جا رہی تھی۔ کیتاپانگ تا گلیمانوک کا راستہ انڈونیشیا کے مصروف ترین بحری راستوں میں شمار ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ انڈونیشیا میں فیری حادثے عام ہیں، کیونکہ ملک میں 17 ہزار سے زائد جزائر ہونے کے باعث کشتیوں پر سفر عام ہے، تاہم حفاظتی قوانین اکثر نظر انداز کیے جاتے ہیں۔

Share it :