جنوبی افریقا کی شاندار کارکردگی، پاکستان کو پہلے ٹی20 میں شکست
اسلام آباد (صداۓ روس)
جنوبی افریقا نے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی ٹیم 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18.1 اوورز میں 139 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 37، محمد نواز 36 اور صاحبزادہ فرحان 24 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔ دیگر بلے بازوں میں بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوئے، فہیم اشرف نے 1، کپتان سلمان علی آغا نے 2، حسن نواز نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 4، نسیم شاہ نے 9 اور عثمان خان نے 12 رنز بنائے۔ جنوبی افریقا کے کاربن بوش نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جارج لینڈے نے 3 جبکہ لیزاڈ ولیمز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پروٹیز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔ جنوبی افریقی بیٹر ریزا ہینڈرکس 60، جارج لینڈے 36 اور ڈی زورزی 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3، صائم ایوب نے 2 جبکہ شاہین آفریدی، ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اعداد و شمار کے مطابق، پی ایس ایل 10 کے دوران راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر پہلی اننگز کا اوسط اسکور 210 رنز رہا ہے، تاہم پاکستانی بلے باز اس بار خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ پاکستان کی الیون میں صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم، حسن نواز، سلمان علی آغا (کپتان)، عثمان خان، محمد نواز، فہیم اشرف، شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد شامل تھے۔ دوسری جانب جنوبی افریقا کی ٹیم ڈونوون فریرا (کپتان)، کوئنٹن ڈی کوک، ریزا ہینڈرکس، ٹونی ڈی زورزی، ڈیوالڈ بریوس، میتھیو بریزکے، جارج لینڈے، کارٹن بوش، لزاڈ ولیمز، ناندرے برگر اور لنگی ندیدی پر مشتمل تھی۔ یہ میچ چھاتی کے سرطان سے آگاہی مہم کا حصہ تھا، جس کے تحت پاکستانی ٹیم نے گلابی رنگ کی خصوصی کٹ زیب تن کی۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور میچ آفیشلز گلابی ربن پہن کر میدان میں اترے، جبکہ کمنٹیٹرز نے براہِ راست نشریات کے دوران ناظرین کو آگاہی پیغامات بھی دیے۔