ماسکو (صداۓ روس)
روس کی مشہور سوشل میڈیا اور میسنجر ایپلیکیشنز Max اور VK گوگل پلے اسٹور سے غائب ہوگئی ہیں۔ VK کمپنی کی جانب سے اس حوالے سے بیان جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ “VK اور Max ایپس گوگل پلے سے غائب ہو گئی ہیں۔ تاہم انسٹال شدہ سروسز اور ایپس معمول کے مطابق بغیر کسی پابندی کے کام کرتی رہیں گی۔ کمپنی کے پریس سروس کے مطابق اینڈرائیڈ صارفین Max اور VK ایپس میں پیغامات، ایونٹس اور کالز کے لیے پش نوٹیفیکیشنز وصول کرتے رہیں گے۔ پریس سروس نے مزید کہا کہ “VK ایپس اور Max روسٹور، ہواوے ایپ گیلری، سام سنگ گلکسی اسٹور، زیاؤمی گیٹ ایپس اور دیگر اینڈرائیڈ ایپ اسٹورز کے ذریعے انسٹالیشن کے لیے دستیاب ہیں۔”
اس سے قبل ایپل نے بھی VK ہولڈنگ کمپنی سے تعلق رکھنے والی ایپس اور Max میسنجر کو App Store سے ہٹا دیا تھا۔ VK نے اس وقت کہا تھا کہ کمپنی نے یہ اقدام یکطرفہ طور پر اور بغیر کسی انتباہ کے کیا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں آئی فون صارفین میسنجر کے اندر نئے پیغامات اور کالز کے لیے پش نوٹیفیکیشنز وصول کرنا بند کر چکے ہیں۔ یہ پیش رفت مغربی ممالک کی جانب سے آزادیٔ اظہار کے بارے میں مبینہ منافقت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جبکہ روسی کمپنیوں کو مغربی پلیٹ فارمز سے ہٹانے کے فیصلوں پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔