اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ گریڈ 16 تک کے سرکاری ملازمین کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ یہ فیصلہ توانائی کی بچت اور ماحول دوست پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔ وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ علاقائی صورتحال اور مستقبل کی ضروریات کے پیش نظر الیکٹرک گاڑیوں کا فروغ ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے نہ صرف تیل کے درآمدی بل میں کمی آئے گی بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور توانائی کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔ اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں اب تک الیکٹرک موٹر سائیکلوں اور رکشوں کے لیے 72 جبکہ الیکٹرک کاروں کے لیے 4 مینوفیکچرنگ سرٹیفکیٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل ای وی پالیسی کے تحت کم آمدنی والے افراد اور سرکاری ملازمین کو دی جانے والی سبسڈی میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے اور اس منصوبے پر عمل درآمد کو تیز کیا جائے۔
حکام کے مطابق آئندہ پانچ سالوں میں ملک کی 30 فیصد گاڑیوں کو الیکٹرک پر منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس سے سالانہ تقریباً 4.5 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے۔ اس مقصد کے لیے ملک بھر میں الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کے لیے اب تک 123 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کے توانائی بچت وژن کے تحت اسلام آباد کیپیٹل پولیس میں 15 ایکو اسمارٹ الیکٹرک گاڑیاں شامل کی جا چکی ہیں، جو مکمل طور پر بیٹری پر چلتی ہیں اور ایندھن کے اخراجات میں کمی کے ساتھ زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطا اللہ تارڑ اور اویس لغاری سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔