غزہ میں پائیدار امن ہمارا مشن ہے، وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (صداۓ روس)
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے غزہ امن بورڈ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے کہ غزہ میں پائیدار امن کے حصول میں کامیاب ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں پائیدار امن ہمارا مشن ہے۔ واشنگٹن میں غزہ امن بورڈ کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اس اجلاس میں شرکت باعث افتخار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کا قیام پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے آج کا دن تاریخ کا سنہری باب ہے اور غزہ میں امن قائم کرنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بہت بڑی کامیابی اور ان کی میراث ہوگی۔
وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تنازعات کے حل میں کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت مداخلت سے پاک بھارت جنگ رکی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی سے ہزاروں قیمتی جانیں بچ گئیں اور صدر ٹرمپ نے جنوبی ایشیا کو بڑی تباہی سے بچایا۔ وہ امن کے حقیقی علمبردار ہیں۔
شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے حقوق پر زور دیتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق فلسطینیوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔ دیرپا امن کے لیے غزہ میں سیز فائر کی خلاف ورزیاں ختم ہونی چاہئیں۔