پوتن، شی اور ٹرمپ کی سہ فریقی ملاقات مفید ہوگی، چینی سفیر

Putin Trump Putin Trump

ماسکو (انٹرنیشنل ڈیسک)

چین کی جانب سے ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر روس، چین اور امریکا کے رہنماؤں ولادیمیر پوتن، شی جن پنگ اور ڈونلڈ ٹرمپ کی سہ فریقی ملاقات کا اہتمام کیا جاتا ہے تو یہ انتہائی مفید ہوگا، چین کے روس میں سفیر ژانگ ہان ہوئی نے کہا ہے۔ ژانگ ہان ہوئی نے روسی اخبار ازویستیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسی سہ فریقی ملاقات منعقد ہوتی ہے تو یہ کثیر قطبی عالمی نظام کی تشکیل اور ترقی کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔ چینی سفیر کے مطابق روس، امریکا اور چین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان اور عالمی طاقتیں ہیں، اس لیے دنیا کا مستقبل ان ممالک کے درمیان تعلقات اور تعاون سے بھی وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ممالک کو چین اور روس کی مثال سے یہ سیکھنا چاہیے کہ ہمسایہ ممالک اور بڑی طاقتوں کے درمیان تعلقات کس طرح قائم کیے جاسکتے ہیں۔ ان کے بقول چین اور روس عالمی معیشت کی ترقی اور دنیا میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ طور پر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

اس سے قبل روسی صدر کے معاون یوری اوشاکوف نے کہا تھا کہ آئندہ ایشیا پیسیفک اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے میزبان چینی صدر شی جن پنگ ممکنہ طور پر تینوں رہنماؤں کی ملاقات کے انعقاد کے لیے اقدامات کرسکتے ہیں۔