روسی جمہوریہ تاتارستان کے سربراہ رستم منی خان نے پاکستان کے وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف کو تاتارستان کے دورے کی دعوت دے دی، جبکہ دونوں جانب سے پاکستان اور تاتارستان کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔
قازان / اشتیاق ہمدانی
روس کے شہر قازان میں جاری بین الاقوامی اقتصادی فورم “روس – اسلامی دنیا: قازان فورم 2026” کے موقع پر پاکستان اور روسی جمہوریہ تاتارستان کے اعلیٰ حکام کے درمیان اہم سائیڈ لائن ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، ثقافتی روابط اور سیاحت کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں موجود پاکستانی صحافی اشتیاق ہمدانی کے مطابق وفاقی وزیر رانا مبشر اقبال اور وزیرِ مملکت طلحہ برکی نے تاتارستان کے سربراہ رستم منی خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر پاکستانی وزراء نے وزیرِ اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام بھی تاتارستان کے سربراہ تک پہنچایا۔ اس ملاقات کے دوران رستم منی خان نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی روابط، ثقافتی تبادلے اور سیاحت دونوں خطوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا “براہِ کرم میری نیک تمنائیں عزت مآب وزیرِ اعظم تک پہنچائیں۔ ہم اُن کے تاتارستان کے دورے کے منتظر ہیں۔” ملاقات کے دوران پاکستان اور تاتارستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، ثقافتی تعاون، تعلیمی روابط اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ قازان فورم جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارمز مختلف ممالک اور خطوں کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سیاسی و سفارتی حلقے قازان فورم کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات کو پاکستان اور تاتارستان کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی ایک اہم پیش رفت قرار دے رہے ہیں، جس سے مستقبل میں اقتصادی، ثقافتی اور عوامی سطح پر تعاون کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔