پاکستان میں جادو ٹونے کے خلاف سخت قانون، 7 سال قید ، 10 لاکھ روپے جرمانہ
اسلام آباد (صداۓ روس)
سینیٹ نے پاکستان پینل کوڈ میں ترمیم کا بل منظور کر لیا ہے، جس کے تحت جادو ٹونا کرنے یا اس کی تشہیر کو قابلِ سزا جرم قرار دے دیا گیا ہے۔ منظور شدہ ترمیم کے مطابق تعزیراتِ پاکستان میں نئی دفعہ 297 الف شامل کی گئی ہے، جس کا مقصد معاشرے میں جادو ٹونے جیسے عوامل کی روک تھام ہے۔ بل کے مطابق جو شخص جادو ٹونا کرے گا یا اس کی تشہیر میں ملوث پایا گیا، اسے 6 ماہ سے 7 سال تک قید کی سزا ہو سکتی ہے، جبکہ جرم ثابت ہونے پر 10 لاکھ روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکے گا۔ سینیٹ اجلاس میں اس کے علاوہ سول سرونٹس ترمیمی بل بھی منظور کر لیا گیا ہے، جس کے تحت صوبوں کے شیئر سے خواتین کے لیے 10 فیصد اور اقلیتوں کے لیے 5 فیصد کوٹہ مختص کرنے کی تجویز شامل کی گئی ہے۔ ایوانِ بالا نے مزید کئی اہم قانون سازی کی منظوری بھی دی، جن میں ذہنی صحت ترمیمی بل، پاکستان نرسنگ کونسل ترمیمی بل، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل ترمیمی بل، وفاقی نصاب اور نصابی کتب سے متعلق بل، اور صوبائی موٹر گاڑی ترمیمی بل شامل ہیں۔