ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)
بھارت کے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ جرمنی کے دورے کے دوران ایک آبدوز میں داخل ہوتے ہوئے پھنس گئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راج ناتھ سنگھ تین روزہ سرکاری دورے پر جرمنی میں موجود تھے، جہاں انہوں نے آخری روز تھیسن کروپ میرین سسٹمز کے شپ یارڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں ٹائپ 212 آبدوز کا معائنہ کروایا گیا اور کمپنی حکام نے انہیں آبدوز کے اندرونی حصے کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیرِ دفاع آبدوز میں داخل ہوتے ہوئے تنگ راستے میں پھنس گئے اور توازن برقرار نہ رکھ سکے۔ بعد ازاں عملے نے کافی کوشش کے بعد انہیں باہر نکالا۔ رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے بعد انہوں نے دوبارہ آبدوز میں داخل ہونے کی کوشش نہیں کی۔ یاد رہے کہ اس دورے کے دوران بھارت اور جرمنی کے درمیان دفاعی صنعتی تعاون کے فروغ اور اقوام متحدہ کے امن مشنز کی تربیت کے حوالے سے ایک معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔