ایران کا اسرائیل پر ایک اور میزائل حملہ: خطرے کے سائرن بج اٹھے

Iranian strikes Iranian strikes

ماسکو(انٹرنیشنل ڈیسک)

ایران نے اسرائیل پر ایک اور میزائل حملہ کیا ہے، جس کے بعد وسطی اور جنوبی اسرائیل میں خطرے کے سائرن بج اٹھے جبکہ بعض علاقوں میں نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اسرائیلی فوج کے مطابق ایران کی جانب سے کئی میزائل داغے گئے، تاہم فضائی دفاعی نظام نے انہیں روکنے کے لیے فوری کارروائی کی۔ اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملوں کے نتیجے میں مغربی کنارے کے بعض علاقوں میں متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ حملوں میں اسرائیل کی نیوتم اور تل انوف ایئر بیسز کو نشانہ بنایا گیا۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق یہ کارروائی ایران میں ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے جواب میں کی گئی ہے۔ ایرانی بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج کسی بھی صورتِ حال سے نمٹنے اور تمام محاذوں پر وسیع پیمانے کے آپریشنز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوجی اہداف پر بیلسٹک میزائلوں سے حملے کیے گئے ہیں۔

اسرائیلی فوج نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ایران سے داغے گئے تمام میزائلوں کو کامیابی کے ساتھ روک لیا گیا اور کسی بڑے فوجی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ادھر حملوں کے بعد پڑوسی ملک اردن کے بعض علاقوں میں بھی خطرے کے سائرن بجائے گئے۔ خطے میں کشیدگی کے بڑھتے ہوئے ماحول کے باعث صورتحال بدستور تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان پر حملے بند کیے جائیں، بصورتِ دیگر اس کے نتائج مزید سنگین اور تباہ کن ہو سکتے ہیں۔ ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ جنگ بندی کی قبولیت تمام محاذوں پر فائرنگ بند ہونے سے مشروط تھی، تاہم امریکا اور اسرائیل نے اپنے وعدوں پر عمل نہیں کیا۔