ملک بھر میں شدید گرمی، درجہ حرارت 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان

Hot weather Hot weather

اسلام آباد (صداۓ روس)

محکمہ موسمیات پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں 7 جون سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی فضاؤں میں بلند دباؤ کا نظام قائم ہونے کے باعث درجہ حرارت معمول سے کئی ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، مردان، بنوں، کرک، لکی مروت اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، میرپور، بھمبر، کوٹلی، باغ اور مظفرآباد میں 8 سے 10 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع لاہور، اوکاڑہ، قصور، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، پاکپتن، رحیم یار خان، راجن پور، بہاولپور، بہاولنگر، بھکر، لیہ اور کوٹ ادو میں 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقے شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موئن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور، نوشہروفیروز، سبی، تربت اور پنجگور میں 7 سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔