ایران امریکہ کشیدگی کے باعث پاکستان سے خلیجی ممالک کی متعدد پروازیں منسوخ

PIA PIA

اسلام آباد (صداۓ روس)

مشرقِ وسطیٰ میں ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستان سے خلیجی ممالک کے لیے متعدد پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آج پاکستان کے مختلف ہوائی اڈوں سے قطر، بحرین اور کویت سمیت خلیجی ممالک کے لیے مجموعی طور پر 47 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس سے مشرقِ وسطیٰ کے لیے آج مجموعی طور پر 213 پروازیں متوقع ہیں۔ کراچی ایئر پورٹ سے خلیجی ممالک کی 8 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 53 پروازیں معمول کے مطابق آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ لاہور ایئر پورٹ سے مشرقِ وسطیٰ کی 16 پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ 57 پروازیں شیڈول کے مطابق روانہ ہونے کی توقع ہے۔ اسی طرح اسلام آباد ایئر پورٹ سے 11 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں اور 64 پروازیں آپریشنل ہیں۔

دیگر شہروں میں بھی پروازوں کی منسوخی دیکھی گئی ہے۔ ملتان سے 5 اور فیصل آباد سے 2 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ فیصل آباد سے 4 پروازیں متوقع ہیں۔ پشاور سے دوحہ اور شارجہ کے لیے 3 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 10 پروازیں روانہ ہونے کی توقع ہے۔ کوئٹہ ایئر پورٹ سے دبئی کے لیے 2 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ شارجہ کے لیے 2 پروازیں آپریشنل ہیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ کشیدہ صورتحال کے باعث پروازوں کے شیڈول میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔