ماسکو (صداۓ روس)
ایرانی انجمن ہلال احمر اور ایک روسی کمپنی کے درمیان 20 جدید ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔ ایرانی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ معاہدہ بدھ کے روز ماسکو میں روسی کمپنی کے صدر دفتر میں طے پایا، جہاں ایرانی انجمن ہلال احمر کے صدر پیر حسین کولیوند اور روسی ہیلی کاپٹرز کمپنی کے ڈائریکٹر جنرل نکولائے کولیسوف نے دستاویزات پر دستخط کیے۔ معاہدے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیر حسین کولیوند نے کہا کہ روس سے 20 ہیلی کاپٹروں کی براہِ راست خریداری کا فیصلہ ایران کے فضائی ریسکیو اور لاجسٹک نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ابتدائی مرحلے میں 4 ہیلی کاپٹروں کی خریداری کا معاہدہ مکمل ہو چکا ہے اور ان کی فراہمی مارچ 2027 میں نوروز سے قبل متوقع ہے. پیر حسین کولیوند نے اس معاہدے کو ایرانی ہلال احمر کی تاریخ کا ایک اہم اور غیر معمولی سنگِ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نئے ہیلی کاپٹر جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہوں گے اور ان میں نائٹ ویژن نظام بھی نصب ہوگا، جس کے باعث رات کے وقت بھی مؤثر فضائی آپریشنز انجام دینا ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر آگ بجھانے، طبی امداد کی فراہمی، قدرتی آفات سے نمٹنے اور ہنگامی ریسکیو کارروائیوں میں استعمال کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے ایران کی امدادی اور بچاؤ کی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ملک بھر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔