اہم خبریں
تازہ ترین خبریں، باخبر تجزیے، اور عالمی حالات کی جھلک — صرف "صدائے روس" پر، جہاں ہر خبر اہم ہے!

اسلام آباد: سیلابی ریلے میں بہنے والے ریٹائرڈ کرنل اور بیٹی کی تلاش جاری

Rains in Pakistan

اسلام آباد: سیلابی ریلے میں بہنے والے ریٹائرڈ کرنل اور بیٹی کی تلاش جاری

اسلام آباد (صداۓ روس)
اسلام آباد کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں سیلابی ریلے میں بہنے والے ریٹائرڈ کرنل قاضی اسحاق اور ان کی ڈاکٹر بیٹی کا تاحال کوئی سراغ نہ مل سکا۔ افسوسناک واقعے کو 11 گھنٹے سے زائد کا وقت گزر چکا ہے، تاہم ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق کرنل ریٹائرڈ قاضی اسحاق روزانہ صبح اپنی 25 سالہ بیٹی کو گاڑی میں سوسائٹی کے گیٹ تک چھوڑنے جاتے تھے۔ آج صبح وہ اپنی بیٹی کے ہمراہ سرمئی رنگ کی کار میں گھر سے روانہ ہوئے، تاہم موسلا دھار بارش کے باعث سڑک پر پانی جمع ہونے سے گاڑی بند ہو گئی۔ کرنل اسحاق نے گاڑی دوبارہ اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی لیکن اتنے میں پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا، جس کے نتیجے میں گاڑی دونوں سواروں سمیت برساتی نالے میں بہہ گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق کرنل اور ان کی بیٹی پانی میں مدد کے لیے آوازیں بھی دیتے رہے، مگر شدید بارش اور تیز بہاؤ کے سبب ان کی آوازیں دب گئیں۔ سیلابی ریلہ گاڑی کو بہا کر سوسائٹی کے فیز 5 کی جانب لے گیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے دونوں نظروں سے اوجھل ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی میں کسی قسم کا ٹریکر نصب نہیں تھا، جبکہ کرنل اسحاق کے موبائل کی آخری لوکیشن رات سوا 8 بجے ان کے گھر کے قریب کی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ریسکیو 1122، پولیس، سوسائٹی کا عملہ اور غوطہ خور ٹیمیں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ اب تک فیز فائیو کے نالے سے کار کا بمپر برآمد کیا گیا ہے، تاہم کرنل قاضی اسحاق اور ان کی بیٹی کی موجودگی کا کوئی حتمی سراغ نہیں ملا۔ دوسری جانب، راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلا دھار بارش کے بعد متعدد نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔ راولپنڈی کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے فیز 8 اور ملحقہ دیہات میں بھی پانی داخل ہو گیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متاثرہ خاندان اور علاقہ مکینوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ سرچ آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ دونوں افراد کی بحفاظت بازیابی ممکن ہو سکے۔

Share it :