کراچی پولیس کے سینیئر افسران نے یوم آزادی یتیم بچوں کے ساتھ منایا

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے ڈپٹی کمشنر ملیر اور ایس ایس پی اسپیشل انویسٹیگیشن یونٹ عارف عزیز کے ہمراہ پاکستان کی 75ویں یوم آزادی ایدھی ہومز میں یتیم اور خصوصی بچوں کے ساتھ منائی۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے فیصل ایدھی کی دعوت پر ایدھی ہومز میں رہائش پذیر بچوں کی جانب سے منعقد تقریب میں شرکت کی۔ بچوں کی جانب سے مختلف ملی نغموں پر ٹیبلو پیش کیے گئے جسے ضلعی سربراہان نے سراہا۔

ایس ایس پی ملیر نے محسن انسانیت عبدالستار ایدھی کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کی اور ان کی انسانیت کیلئے کی گئی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Advertisement

اس موقع پر ایس ایس پی ملیر بچوں میں گھل مل گئے، بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور سیلفیز بھی بنوائیں۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بچے اس ملک کے معمار ہیں اور آگے چل کر انہی بچوں نے ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے۔