قازقستان کا پاکستان سے 50 ہزار ٹن آلو درآمد کرنے پرغور

Potatoes Potatoes

قازقستان کا پاکستان سے 50 ہزار ٹن آلو درآمد کرنے پرغور

اسلام آباد (صداۓ روس)
قازقستان نے پاکستان سے 50 ہزار ٹن آلو درآمد کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ وزارتِ تجارت کے مطابق یہ پیش رفت وزیراعظم شہباز شریف اور قازق صدر کے درمیان ہونے والی حالیہ گفتگو کے بعد سامنے آئی ہے۔ وزارتِ تجارت کا کہنا ہے کہ آلو کی برآمد کے لیے اپریل سے جون 2026 تک کی ٹائم لائن طے کر لی گئی ہے، جس کے تحت پاکستانی برآمد کنندگان قازقستانی درآمد کنندگان کو معیاری آلو کی مسلسل فراہمی یقینی بنائیں گے۔ اس مقصد کے لیے دونوں ممالک کے متعلقہ حکام کے درمیان تکنیکی اور تجارتی امور پر مشاورت کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ وزارت کے مطابق پاکستان کے زرعی شعبے، بالخصوص آلو کی پیداوار میں خاطر خواہ برآمدی استعداد موجود ہے، جبکہ قازقستان کی جانب سے بڑی مقدار میں آلو درآمد کرنے میں دلچسپی پاکستانی کسانوں اور برآمدی شعبے کے لیے نہایت خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس معاہدے سے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا اور زرعی برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔