صدر پوتن سوشل میڈیا استعمال کیوں نہیں کرتے؟ کریملن نے وضاحت کردی
ماسکو(صداۓ روس)
روس کے صدر ولادیمیر پوتن ذاتی طور پر سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلانے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے پیر کو خبر رساں ادارے تاس کو بتایا۔ پیسکوف کے مطابق صدر پوتن کی موجودگی سوشل میڈیا پر صرف کریملین کے سرکاری چینلز کے ذریعے ہے۔ انہوں نے کہا کہ “جیسا کہ صدر کئی بار واضح کر چکے ہیں، سوشل میڈیا ان کے مزاج کی چیز نہیں ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کریملین کا عملہ صدر پوتن کو وقتاً فوقتاً آن لائن زیر بحث موضوعات سے آگاہ کرتا ہے جبکہ ان کے اہلِ خانہ اور قریبی ساتھی بھی کبھی کبھار اہم معلومات ان تک پہنچاتے ہیں۔
یاد رہے کہ 2017 میں صدر پوتن نے کہا تھا کہ ان کے مصروف شیڈول میں انٹرنیٹ استعمال کرنے یا سوشل میڈیا براؤزنگ کے لیے وقت نہیں ہوتا۔ انہوں نے بتایا تھا کہ فارغ وقت وہ زیادہ بہتر سرگرمیوں جیسے ورزش، موسیقی سننے اور دوستوں کے ساتھ گفتگو پر صرف کرتے ہیں۔ ان کے بقول: “اگر آپ ایسے کاموں کے لیے وقت نہیں نکالیں گے تو پھر کسی اور چیز کے لیے بھی وقت نہیں ملے گا۔”
صدر پوتن کے بارے میں یہ بھی مشہور ہے کہ وہ موبائل فون کے استعمال سے گریز کرتے ہیں۔ ان کے حامی اسے ایک اہم حفاظتی پہلو قرار دیتے ہیں۔ 2015 میں این ایس اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن کی جانب سے جاری دستاویزات میں انکشاف ہوا تھا کہ امریکا نے کئی غیر ملکی رہنماؤں کی فون کالز کو خفیہ طور پر سنا، جن میں جرمنی کی اس وقت کی چانسلر انجیلا مرکل بھی شامل تھیں۔