یورپی دارالحکومتوں کا روس سے بات چیت کی طرف جھکاؤ، کریملن کا خیرمقدم

Dmitry Peskov Dmitry Peskov

یورپی دارالحکومتوں کا روس سے بات چیت کی طرف جھکاؤ، کریملن کا خیرمقدم

ماسکو (صداۓ روس)
کریملن نے اٹلی، فرانس اور جرمنی کی جانب سے روس کے ساتھ مکالمے کی ضرورت سے متعلق سامنے آنے والے اشاروں کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مغربی ممالک کے مؤقف میں ایک خوش آئند تبدیلی کی عکاسی کرتا ہے۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں چند یورپی رہنماؤں، بالخصوص پیرس، روم اور حتیٰ کہ برلن کی جانب سے یہ مؤقف سامنے آیا ہے کہ یورپ میں استحکام کے لیے روس سے بات چیت ناگزیر ہے۔ دیمتری پیسکوف کے مطابق یہ مؤقف روس کے اپنے وژن سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ بیانات واقعی یورپی ممالک کی اسٹریٹجک سوچ کی نمائندگی کرتے ہیں تو اسے مغربی پالیسی میں ایک مثبت تبدیلی سمجھا جانا چاہیے۔

کریملن ترجمان نے یاد دلایا کہ کچھ عرصہ قبل تک یورپی دارالحکومتوں سے ایسے بیانات سامنے آ رہے تھے جن میں روس کے ساتھ کسی بھی قسم کے مکالمے کے امکان کو یکسر مسترد کیا جا رہا تھا اور صرف اسے شکست دینے کی بات کی جا رہی تھی۔ پیسکوف نے ان بیانات کو غیر حقیقت پسندانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب یہ دیکھنا ہوگا کہ آئندہ حالات کس سمت میں آگے بڑھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس اور امریکہ کے درمیان اس نوعیت کا مکالمہ پہلے ہی قائم ہو چکا ہے اور ماسکو اس سلسلے میں امریکی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

Advertisement